Forgot your Password.? Click Here
 
 
 
 
 
راولا کوٹ تعمیراتی منصوبوں پر کام کی بندش کیخلاف شٹر ڈائون ، تاجروں کا زبردست مظاہرہ

راولاکوٹ(نمائندہ خصوصی) راولاکوٹ (پونچھ) کے تعمیراتی منصوبہ جات پر کام کی بندش کیخلاف انجمن تاجران راولاکوٹ کی اپیل پر مکمل شٹر ڈائون، زبردست احتجاجی مظاہرہ، تاجروں کا اتحاد و اتفاق کا عظیم مظاہرہ، تفصیلات کے مطابق شاہراہ غازی ملت (گوئیں نالہ روڈ) پر کام کی بندش اور ناقص کام کیخلاف سٹی ڈویلپمنٹ پروگرام شروع نہ کرنے، کنگ عبداللہ یونیورسٹی کی تعمیر میں تعطل، شیخ زید ہسپتال کے معاملات کو یکسو نہ کرنے کیخلاف انجمن تاجران راولاکوٹ کی اپیلک پر پیر روز مکمل شٹر ڈائون کیا گیا۔ گلف پلازہ، قائداعظم مارکیٹ، ایاز مارکیٹ، نالہ بازار، سپلائی بازار اور دیگر تمام کاروباری ادارے مکمل طور پر بند رہے البتہ ٹریفک رواں دواں رہی۔ بعدازاں انجمن تاجران کے صدر سردار افتخار فیروز اور دیگر عہدیداران کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں تاجروں اور دیگر مکاتب فکر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی کا آغاز سپلائی بازار سے ہوا جس نے بڑی بڑی شاہرات اور مارکیٹوں کا چکر لگانے کے بعد کچہری چوک میں احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کرلی۔ جلسہ سے جن زعماء نے خطاب کیا ان میں سردار افتخار فیروز، ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ مفتی مولانا عبدالخالق، سابقہ فوجیوں کی تنظیم ایکس سروس مین سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل سردار عارف انقلابی، انجمن تاجران کے عہدیداران سردار ظفر محمود اشرف، حاجی اعجاز حنیف، سردار آصف نسیم، سردار خان، سردار ذوالفقار خان، سردار طاہر فاروق، سردار خالد محمود، سردار شاہد فاروق، سردار تنویر خان اور سردار آصف اشرف چیئرمین مجلس عاملہ شامل ہیں۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عہدیداران نے کہا کہ شاہراہ غازی ملت کی تعمیر ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ اس کا ٹھیکہ ایک ایسی کمپنی کو دیا گیا جسے کراچی میں بلیک لسٹ کیا گیا تھا۔ ناقص میٹریل استعمال کیا جارہا ہے۔ کنگ عبداللہ یونیورسٹی کی تعمیر کو جان بوجھ کر التواء میں رکھا جارہا ہے۔ راولاکوٹ سٹی ڈویلپمنٹ پروگرام پر تعمیراتی کام شروع نہیں کیا جارہا۔ شیخ زید ہسپتال کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ ادویات باہر سے خریدنی پڑتی ہیں۔ واٹر سپلائی سکیم کو محدود کیا جارہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ راولاکوٹ میں تعمیرو ترقی کو روکنے کیلئے سابق پی ڈی عبدالستار اور سابق ڈپٹی کمشنر نے انتہائی گھنائونا کردار ادا کیا۔ اگر ان مطالبات کا نوٹس نہ لیا گیا تو پہلے مرحلے پر علامتی شٹر ڈائون، دوسرے مرحلے پر دھرنے کی کال اور فیصلہ کن مرحلے میں تادم مرگ بھوک ہڑتال کریں گے۔ مظاہرے کے دوران امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رہی۔ پولیس کے مسلح دستے ڈیوٹی مجسٹریٹ کی قیادت میں سارا دن شہر میں گشتہ کرتے رہے۔ احتجاجی ریلی اور جلسے کے دوران بھی پولیس چوکس رہی۔ دریں اثناء آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) پونچھ کی کال پر ملازمین گریڈ ایک تا سولہ نے انجمن تاجران راولاکوٹ کی طرف سے قومی منصوبہ جات کی تعمیر میں غیر ضروری تعطل کیخلاف کئے جانے والے شٹر ڈائون کی مکمل حمایت کرتے ہوئے پیر کے روز کام چھوڑ ہڑتال کی اور احتجاجی ریلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایپکا کے صدر سردار امتیاز خان نے منعقدہ جلسہ سے خطاب بھی کیا۔

 

 

 
 
 
 
 
 
 
About Us | Photo Gallery | News | Join the Community
Copyright © 2009 My Rawalakot. All Rights Reserved.