Forgot your Password.? Click Here
 
 
 
 
 
کشمیر: پولنگ کے دوران فائرنگ، ایک ہلاک

کشمیر کی اسمبلی

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں اسلام آباد میں واقع پولنگ سٹیشن میں فائرنگ سے پیپلزپارٹی کا ایک کارکن ہلاک ہوگیا ہے جس کے قتل کا مقدمہ دو کشمیری وزراء کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس طاہر عالم نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 40 ویلی فائیو کی نشست پر ضمنی انتخابات کے سلسلے میں اسلام آباد میں واقع پولنگ سٹیشن پر پولنگ جاری تھی کہ اس دوران پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی حکمراں جماعت مسلم کانفرنس اور پیپلز پارٹی جموں کشمیر کے گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے ایک کارکن کیپٹن ریٹائرڈ طارق محمود ہلاک ہوگئے۔

اس واقعہ کے بعد پولیس نے جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے نائب چئرمین چودھری یاسین کی درخواست پر پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیر بلدیات راجہ نصیر اور وزیرِ ہاؤسنگ غلام مرتضٰی گیلانی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد میں واقع کشمیر ہاؤس کے علاوہ مختلف جگہوں پر چھاپے مار رہی ہے تاہم ملزمان کی گرفتاری اب تک عمل میں نہیں آئی۔

پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے اس واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ ادھر وزیرِ داخلہ رحمان ملک نے قتل کے اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے تین دن میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ جبکہ پولنگ سٹیشن پر پولنگ کے ناقص اقدامات کی وجہ سے تھانہ آبپارہ کے انچارج اور ڈیوٹی مجسٹریٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

 

 

 
 
 
 
 
 
 
About Us | Photo Gallery | News | Join the Community
Copyright © 2009 My Rawalakot. All Rights Reserved.