راولاکوٹ ( نمائندہ خصوصی) مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما وزیر سیاحت سردار سیاب خالد نے کہا کہ مسلم کانفرنس ہمارے آبائو اجداد اور تاریخی حیثیت کی حامل جماعت ہے اسکی مضبوطی سے تحریک آزادی کشمیر اور استحکام پاکستان کو تقویت پہنچے گی، مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان اور سردار سکندر حیات کی سرپرستی میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی حکومت اپنی معیاد پوری کرے گی ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کو صدر جماعت سردار عتیق احمد خان اور ارکان اسمبلی کی اکثریت حاصل ہے ان خیالات کا اظہار سردار سیاب خالد نے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس پاچھیوٹ کے صدر صوبیدار رزاق خان اور سردار ساجد رزاق صدر مسلم یوتھ پاچھیوٹ کی رہائش گاہ پر انکی جانب سے دیئے جانے والے استقبالیہ بمقام پھلیان پاچھیوٹ اور جھولا کھیتر کے مقام پر مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس موقع پر مسلم کانفرنس پارلیمانی بورڈ کے رکن اور پونچھ حلقہ نمبر 4 سے سابق امیدوار سردار طاہر اکرم ایڈووکیٹ نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے احتجاج بلند کررہی ہے مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں آزاد کشمیر میں ایک سیاسی قوت بن چکی ہے اور عوام سردار عتیق احمد خان کی قیادت اور موجودہ حکومت کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی حکومت پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔
ایس ایس پی پونچھ راولاکوٹ چوہدری سجاد حسین کی خصوصی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف مہم کے دوران سردار مشتاق احمد خان ایڈیشنل ایس ایچ او راولاکوٹ تھانہ نے پولیس نفری کے ہمراہ دوران گشت محمد ابرار خان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ ناجائز پستول برآمد کرلیا جبکہ اے ایس آئی سردار محمد نسیم خان نے پولیس نفری اور کار خاص کے اہلکاران کے ہمراہ دوران گشت دو ملزمان نزاکت ولد یامین اور رفاقت ولد یامین کو گرفتار کرکے دونوں کے قبضہ سے اسلحہ ناجائز پستول تیس بور اور پستول پچیس بور برآمد کرلیا ہے مقامی عوامی سماجی حلقوں نے پولیس تھانہ راولاکوٹ کی طرف سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف مہم کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایس ایس پی پونچھ سٹی انسپکٹر اور دیگر افسران واہلکاران کو مبارکباد دی۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشدد اور بربریت کے بعد پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہے، عالمی برادری نے بھارت کو ظلم وتشدد اور دہشت گردی کی مذموم کارروائیوں سے باز رکھنے کیلئے کردار ادا نہ کیا تو جنوبی ایشیا جل کر بھسم ہو جائے گا جس کا ذمہ دار بھارت ہو گا، آزادکشمیر میں اقتدار میں بیٹھے ہوئے لوگوں کے ایسے کرتوت سامنے آ رہے ہیں جنہیں دیکھ اور سن کر سرشرم سے جھک جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز راولپنڈی کے علاقے غریب آباد میں پاک فائونڈیشن پبلک سکول کی سالانہ نتائج کی تقریب سے خطاب کے بعد عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ہم نے اپنی حکومت کے دوران فروغ تعلیم کیلئے بھرپور اقدامات کئے جبکہ اہم منصوبوں پر کام جاری تھا کہ ہماری حکومت کے خلاف سازش کی گئی اور ہمیں عوامی خدمت کا موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حکمران ایک دوسرے سے دست وگریبان ہیں، ریاست بھر میں ترقیاتی کام بند ہیں، حکمران عوام سے مذاق کر رہے ہیں۔ سردار یعقوب نے کہا کہ حکمرانوں کے سیاہ کرتوتوں کے سامنے آنے پر ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔
آزاد کشمیر کی سیاست ایک مرتبہ پھر بحرانی کیفیت سے دوچار، قبل از وقت انتخابات کیلئے راہ ہموار ہونے لگی، صدر جماعت سردار عتیق احمد پر حکومت کی حمایت سے دست کش ہونے کیلئے سینئر سیاسی رہنمائوں کا دبائو، اتحاد کے باوجود مسلم کانفرنس غیر اعلانیہ طور پر گروپ بندی کا شکار، وزیراعظم راجہ فاروق حیدر مستقبل کی سیاست میں موثر کردار کے حصول کیلئے ہر صورت نواز شریف کی قربت کے خواہاں ہیں جس کیلئے وہ کئی چینلز سے پی ایم ایل کے سربراہ بیرسٹر سلطان محمود سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق موجودہ اسمبلی چوتھے وزیراعظم کے انتخاب کے بجائے وفاقی حکومت کی طرف سے دفعہ 56 کے تیر کا شکار ہو سکتی ہے۔ سابق وزیراعظم سردار سکندر حیات نے سردار عتیق احمد خان کو ناقابل اصلاح کہا اور وزیر بلدیات راجہ نصیر کے اختلاف پر مبنی خبروں نے ایک مرتبہ پھر اس خیال کو تقویت دی ہے کہ آئندہ انتخابات میں متحدہ مسلم کانفرنس کے بجائے پارٹی کے دو گروپ مختلف اتحاد بنا کر نئے انتخابات میں حصہ لیں گے۔
آزادکشمیرکے وزیربلدیات راجہ نصیرخان نے کہاہے کہ جب ہم یعقوب حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاریاں کررہے تھے تو سکندرحیات خان نے مجھے فون کرکے کہاتھا کہ فاروق حیدر غیرسنجیدہ شخص ہے اس کو قائدایوان نامزد نہ کرنا فرینڈز گروپ والے تھالی کے بینگن ہیں جن کی کوئی اہمیت نہیں اورنہ ہی کوئی مستقبل ہے انتخابات سے قبل پارلیمانی بورڈ کے ممبران میں ردوبدل خارج ازامکان نہیں پیپلزپارٹی کے پاس نہ قیادت ہے اورنہ ہی عوامی خدمت کاکوئی منشور وفاق کے سہارے ہمیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی جارہی سردار یعقوب جب وزیراعظم بنے تو تین مرتبہ میرے گھرجاکر وزارت کاحلف اٹھانے کی دعوت دی جسے میں نے یہ کہہ کرمسترد کردیاکہ ہم نہ خود بکتے ہیں اورنہ ہی کسی کوخریدتے ہیں اپوزیشن میں رہ کرعوامی حقوق کی آوازبلند کرتے ہیں گے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن ہمیں بلیک میل کرنے سے قبل متفقہ طورپر اپنااپوزیشن لیڈر تولائے ریکوزیشن پراجلاس مال بنائومہم کاحصہ ہے یہ کھیل تماشہ انہیں چلنے دیں گے ۔
جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ریاستی ادارے تباہی کا شکار ہو رہے ہیں، اسمبلی عوامی فلاح کیلئے قانون سازی کی بجائے جذباتی تقاریر اور غیر پارلیمانی طرز عمل کا منظر پیش کر رہی ہے، میرٹ کی بحالی کے اعلانات اور اس سے متصادم عملی اقدام نے عوام کی مایوسی میں اضافہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع باغ کے زیر اہتمام میڈیا ورکشاپ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ میں ضلع باغ سے جماعت اسلامی کے امرائے یونین کونسلز اور ضلعی امیر نثار احمد شائق نے شرکت کی۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ استعماری طاقتیں میڈیا کے ذریعے ہماری نسل کو دماغی طور پر مفلوج کر کے اپنے مذموم اہداف حاصل کرنا چاہتی ہیں، نظریاتی کارکنوں کو موجودہ حالات میں اپنا جاندار کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی سیاسی جماعتیں عوامی حقوق کے نعرے تو لگاتی ہیں لیکن اقتدار کے کھیل میں وہ عوام کو یکسر نظرانداز کر دیتی ہیں۔ انہوں نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر اور حل کیلئے ہر یونین کونسل کی سطح پر منظم ہو کر کام کریں۔ میڈیا ورکشاپ سے سابق صدر پریس کلب سید افراز گردیزی، سینئر صحافی سردار احمد خان عباس، راجہ جاوید، عمران گیلانی، ظہیر گردیزی اور عثمان انور نے خطاب کیا۔
گزشتہ دو راتوں میں راولاکوٹ کے مشہور کاروباری مرکز مدینہ مارکیٹ رولاکوٹ میں ہونیوالی وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جن میں کپڑا، گارمنٹس اور نقدی شامل ہے متاثرین میں آرمی پبلک سٹور کے مالک طارق خان، نسیم گارمنٹس کے مالک نسیم خان، ایاز دوپٹہ اینڈ کلاتھ کے مالک عبدالواحد شامل ہیں ، ان متاثرین کا کہنا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ہی اسی مارکیٹ میں چوری کی واردات ہوگئی ، ایک دن قبل اس واردات کے بارے میں تاجر تنظیم کو ہی اطلاع دی گئی ، اور تھانے میں ہی رپورٹ درج کرائی گئی ، لیکن کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے اگلی رات دوسرے واقعہ میں لاکھوں روپے کا سامان لوٹ لیا گیا ، اسی مارکیٹ میں 3دکانوں کو لوٹنے کے علاوہ مزید دو دکانوں شمریز کاسمیٹیکس اور اور الحبیب گارمنٹس کے ہی تالے توڑنے کی کوشش کی گئی ، جبکہ دودن قبل الحبیب مارکیٹ میں عباسی گارمنٹس پر تالے توڑنے کی کوشش کی گئی تھی ، اس موقع پر موجود تاجر اتحاد بزنس فورم کے سیکرٹری جنرل سردار مصطفی سمجید نے کہا کہ کاروبار کی یاددہانیوں کے باوجود انتظامیہ چوری کی ان وارداتوں کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہے ، غریب تاجر لٹ رہے ہیں ، ہم پہلی ہی چوکیداری نظام پر عدم اطمینان کا اظہار کرچکے ہیں ناتجربہ کار لوگ یہ نظام چلانے کے اہل نہیں ، دو سکیورٹی گارڈ کی موجودگی میں مدینہ مارکیٹ میں ہونیوالی واردات اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ سب کچھ ان کی ایماء پر ہورہا ہے ، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ہوش کے ناخن ہے ، اور ان وارداتوں میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے غریب دکانداروں کے نقصان کا ازالہ کرے، بصورت دیگر تاجر اس زیادتی کے خلاف کسی بھی راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے ، جسکی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔
8اکتوبر 2005ء سے مظفرآباد باغ اورراولاکوٹ کی سڑ کیں زمانہ قدیم کی یاد دلا رہی ہیں ان تین بڑے شہروں کاکوئی پرسان حال نہیں ماسٹرپلان کے نام پر اے ڈی پی میں بھی پانچ سال سے ان علاقوں کو شامل نہیں کیاگیا سالانہ بجٹ اورسڑکوں کی فٹنس کاپیسہ بھی دیگرشہر وں کو منتقل کیاجاتارہا جس سے سڑکیں اورگلیاں آج کھنڈرات کامنظرپیش کررہی ہیں نہ تو نارمل بجٹ اورنہ ہی کسی دوسری مد میں سے ان سڑکوں پرکوئی اخراجات کئے گئے ہرکام ماسٹرپلان کے نام پربند ہے عوام کے صبرکا پیمانہ لبریز ہورہاہے
سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، سپیکر پر اپوزیشن کے تابڑ توڑ حملوں کے دوران اپنے مخصوص انداز میں مسکراتے رہے اور ان کے گروپ کی دو خواتین اراکین اسمبلی نے اجلاس کے خاتمہ کے وقت سپیکر پر ہونے والی چڑھائی پر ایک دوسرے کو بوسہ دیا۔